الیکشن ڈے پر عوامی تحریک کے دھرنوں کو نہ ”چھیڑنے“ کا فیصلہ
لاہور (احسان شوکت سے) پنجاب حکومت نے 11مئی کو الیکشن کے روز پاکستان عوامی تحریک کے پرامن احتجاجی دھرنوں کے موقع پر انہیں نہ ”چھیڑنے“کا فیصلہ کیا ہے تاکہ لاءاینڈ آرڈر کی صورتحال خراب نہ ہو اور کسی بدمزگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ذرائع کے مطابق انتخابات کے موقع پر مختلف اضلاع میں دفعہ 144نافذ ہے اور دھرنوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ ان حالات میں عوامی تحریک نے ملک بھر میں پرامن احتجاجی دھرنوں کا اعلان کر دیا ہے جس پر پنجاب حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ عوامی تحریک کو پرامن دھرنوں کی باقاعدہ اجازت نہیں دی جائے مگر ان کے پرامن دھرنوں جو انتخابی عمل پر اثرانداز نہ ہوں میں مداخلت نہ کی جائے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس نے پاکستان عوامی تحریک سے دھرنوں کا شیڈول اور دیگر تفصیلات مانگ لی ہیں۔ لائحہ عمل طے کرنے کے لئے کل آئی جی پنجاب کی سربراہی میں اجلاس بھی ہو گا۔