پنجاب، سندھ کے تعلیمی اداروں میں 8 سے 13 مئی تک تعطیلات
لاہور (سٹاف رپورٹر + سپیشل رپورٹر) 11 مئی کو ہونے والے عام انتخابات کے تناظر میں پنجاب، سندھ میں محکمہ تعلیم نے تمام سرکاری اور نجی ادارے 8 سے 13 مئی تک بند کرنے کا حکم دے دیا ہے،بلوچستان میں تعلیمی ادارے 9 سے 11 مئی تک بند رہیں گے پنجاب میں جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سکول بند رہیں گے، فیصلے کا اطلاق پرائیویٹ سکولوں پر بھی ہو گا جبکہ آل پاکستان پرائیویٹ سکول اونرز ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت کے احکامات ماننے سے انکار کر دیا ہے، آل پاکستان پرائیویٹ سکول اونرز ایسوسی ایشن کے مطابق پرائیویٹ سکولوں میںتعلیمی سرگرمیاں جاری رکھی جائےں گی اور 10 سے 12 مئی تک سکولوں میں چھٹی ہو گی، 13 مئی سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔ صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن مرزا کاشف علی کا کہنا ہے کہ سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی ڈیوٹیاں الیکشن میں لگنے کی وجہ سے چھٹی دی گئی ہے جبکہ پرائیویٹ سکولوں میں ٹیچرز موجود ہیں اور چھٹی کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ نجی تعلیمی ادارے 9 مئی تک تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں گے اور 10 سے 12 مئی تک بند رہیں گے۔ پنجاب یونیورسٹی ترجمان کے مطابق یونیورسٹی 8 سے 13 مئی تک بند رہے گی تاہم تمام ایڈمن سٹاف ڈیوٹی پر موجود رہے گا، یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز 14 مئی سے ہو گا۔ دریں اثناء11 مئی کو عام انتخابات کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔ دوسری جانب حکومت پنجاب نے انتخابات کے پیش نظر 10 مئی کو سرکاری چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس روز تمام سرکاری ادارے اور مارکیٹیں بند رہیں گی۔ 11 مئی کے روز بھی چھٹی ہو گی، اس طرح اب پنجاب میں الیکشن کے موقع پر جمعہ، ہفتہ، اتوار کی چھٹیاں ہوں گی۔ قبائلی علاقوں کے تمام سرکاری سکول 9 سے 12 مئی تک بند رہیں گے۔ فاٹا سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر خیبر پی کے نے فاٹا کے سکولوں میں چار روزہ تعطیلات کی منظوری دی ہے۔
تعلیمی ادارے