جونیئر اور سینئر قومی کراٹے چیمپئن شپ واپڈا نے جیت لی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) 22 ویں قومی سینئر اور جونیئر کراٹے چیمپئن شپ 2013ءپاکستان واپڈا نے جیت لی۔ فیصل آباد میں ہونے والی چیمپئن شپ کی سینئر کیٹگری میں واپڈا کی ٹیم نے 170 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جس میں اس کے سات گولڈ اور ایک برانز میڈل شامل تھا۔ آرمی کی ٹیم 2 گولڈ، 6 سلور اور ایک برانز میڈل کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ خیبر پی کے نے 60 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی جس میں اس کا ایک گولڈ، ایک سلور اور پانچ برانز میڈل شامل تھے۔ واپڈا کے محمد رمضان نے 2 گولڈ، باز محمد نے 2 گولڈ، 67 کلوگرام سے کم کیٹگری میں آرمی کے امتیاز علی نے گولڈ اپنے نام کیا۔ جونیئر کیٹگری میں بھی واپڈا نے 55 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ واپڈا نے تین گولڈ اور دو برانز میڈل حاصل کئے۔ بلوچستان کی ٹیم نے ایک گولڈ، ایک سلور اور تین برانز میڈل کے ساتھ دوسری جبکہ سندھ کی ٹیم نے دو سلور اور ایک برانز میڈل کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر پاکستان کراٹے فیڈریشن کے صدر محمد جہانگیر بھی موجود تھے۔