انڈر16 بوائز ہاکی چیمپئن شپ‘ لاہور اور سیالکوٹ کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں
لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور اور سیالکوٹ کی ٹیموں نے قومی انڈر 16 بوائز ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ میزبان لاہور کی ٹیم نے فیصل آباد کو پنلٹی شوٹ پر جبکہ سیالکوٹ نے ملتان کی ٹیم کو سیمی فائنل میں شکست سے دوچار کیا۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں کھیلی جا رہی چیمپئن شپ میں گذشتہ روز پہلا سیمی فائنل لاہور اور فیصل آباد کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ مقررہ وقت تک مقابلہ چار چار گول سے برابر رہا بعدازاں میچ کا فیصلہ پنلٹی شوٹ آ¶ٹ پر ہوا جس میں لاہور نے فیصل آباد کو 6 کے مقابلے 7 گول سے شکست دی۔ اویس رحمان نے 2، اسفر یعقوب نے 3 جبکہ عدیل اور رانا سہیل نے ایک ایک گول کیا۔ فیصل آباد کی جانب سے داود اور محسن نے دو دو جبکہ سہیل اور عتیق نے ایک ایک گول کیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں سیالکوٹ نے ملتان کے خلاف 4-2 سے کامیابی حاصل کی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے نوہیز زاہد، منصور، وسیم اکرم اور محمد ارسلان نے ایک ایک گول کیا جبکہ ملتان کی جانب سے شہباز اور عامر سہیل ایک ایک گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔