لاہور کی اہم عمارات میں فوج کی تعیناتی، شاہی قلعہ اتوار تک عوام کیلئے بند
لاہور (سپیشل رپورٹر) شہر کی اہم عمارات پر پاک فوج کے جوانوں کی تعیناتی کر دی گئی ہے۔ شاہی قلعہ لاہور اتوار تک عوام الناس کے لئے بند کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق 11مئی کو ہونے والے عام انتخابات کے موقع پر سیکورٹی کو یقینی بنانے کی غرض سے پاک فوج کے جوانوں نے شاہی قلعہ لاہور میں ڈیرہ جما لیا ہے۔ جہاں سے شہر کے معاملات کو مانیٹر کیا جائے گا۔ پاک فوج کی شاہی قلعہ میں تعیناتی کے پیش نظر محکمہ آثار قدیمہ پنجاب کی جانب سے شاہی قلعہ لاہور کو عوام کے لئے 12مئی تک بند کر دیا گیا ہے۔ گذشتہ روز شہر کی معروف اور اہم ترین قرار دی جانے والی املاک جن میںسول سیکرٹریٹ، پی اینڈ ڈی، گورنمنٹ پرنٹنگ پریس، ایل ڈی اے کمپلیکس کی چھت، صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب، و دیگر عمارتوں پر پاک فوج کے اہلکاروں کی تعیناتی پیر کی رات گئے تک کر دی گئی دیگر اہم اور حساس مقامات پر پاک فوج کے مسلح دستوں کی تعیناتی کا با ضابطہ عمل آج سے شروع ہو جائے گا۔