مالی سال کے پہلے 8ماہ تجارتی خسارہ 17.53ارب ڈالر تک پہنچ گیا
کراچی(کامرس رپورٹر) رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ تجارتی خسارہ 17.53 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ،گزشتہ سال تجارتی خسارے کا حجم 15.85ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے تجارتی اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں، جس میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال جولائی سے فروری کے دوران تجارتی خسارہ 10.64فیصد مزید بڑھ گیا ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق ملکی برآمدات 4.29 فیصد اضافے سے 16.30 ارب ڈالر اور ملکی درآمدات 7.49فیصد اضافے سے 33.84ارب ڈالر رہیں اور تجارتی خسارہ بڑھ کر 17.53ارب ڈالرسے زائدہو گیا۔اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال تجارتی خسارے کا حجم 15.85ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا ، فروری 2021میں برآمدات 4.12فیصد کمی سے 2.04ارب ڈالر اور ملکی درآمدات 9.55فیصد اضافے سے 4.56 ارب ڈالر رہیں۔