لاہور(چودھری اشرف) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے بیسویں میچ میں لاہور قلندرز نے سمت پٹیل اور شاہین آفریدی کی تباہ کن باولنگ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آٹھ وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ لاہور قلندرز کا ٹاس جیت کر کوئٹہ کو پہلے بیٹنگ کرانے کا فیصلہ درست ثابت ہوا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر ٹیم نے 9 وکٹوں پر 98 رنز سکور کیے جواب میں لاہور ٹیم نے ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں لاہور قلندرز ٹیم کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو میچ کے آغاز میں ہی درست ثابت ہوا۔ شاہین شاہ آفریدی اور سمت پٹیل نے شاندار باولنگ کا مظاہرہ کیا اور یکے بعد دیگرے کوئٹہ کے کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ کوئٹہ کو پہلا نقصان شین واٹسن کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب شاہین شاہ آفریدی نے انہیں بغیر کسی سکور کے پویلین کی راہ دکھا دی۔ کوئٹہ کو دوسرا نقصان بھی جلد اٹھانا پڑا جب آوٹ آف فارم احمد شہزاد 9 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کی گیند پر سمت پٹیل کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ کوئٹہ کا سکور 17 پر پہنچا تو اس موقع پر کپتان سرفراز احمد سمیت پٹیل کی گیند پر سلپ میں کھڑے ڈنک کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ سرفراز صرف ایک رن بنا سکے۔ 21 کے سکور پر لاہور قلندرز کے سمت پٹیل نے کوئٹہ کے اہم کھلاڑی جیسن رائے کو 6 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ نئے کھلاڑی اعظم خان آئے لیکن وہ بھی سمت پٹیل کی گیند پر سلپ میں کھڑے ڈنک کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ سمت پٹیل نے ایک اوور میں تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر کوئٹہ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ 21 کے ٹوٹل پر کوئٹہ کے چھ کھلاڑی آوٹ ہونے کے بعد سہیل تنویر اور محمد نواز نے دفاعی انداز اپنایا۔ محمد حفیظ نے اننگز کا ساتواں اوور میڈن کیا۔ سمت پٹیل نے اپنے چار اوورز کے کوٹہ میں پانچ رنز دیکر چار کھلاڑی آوٹ کر کے پی ایس ایل 2020ءکا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے سہیل تنویر اور محمد نواز نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 29 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے ٹیم کے سکور کو 50 پر پہنچایا تو اس موقع پر محمد نواز لاہور قلندرز کے فرزان راجہ کو بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں دلبر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ محمد نواز نے 26 گیندوں پر 10 رنز سکور کیے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے اپنے پچاس رنز 13.2 اوورز میں مکمل کیے۔ 58 کے ٹوٹل پر کوئٹہ کی آٹھویں وکٹ فواد احمد کی گری وہ صرف چار رنز بنا کر فرزان راجہ کی گیند پر سٹمپ آوٹ ہو گئے۔ فرزان راجہ کی میچ میں دوسری وکٹ تھی۔ 93 کے سکور پر کوئٹہ کی نویں وکٹ سہیل خان کی گری جو 32 رنز بنانے کے بعد سلمان ارشاد کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ مقررہ بیس اوورز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر ٹیم 9 وکٹوں پر 98 رنز بنا سکی۔ زاہد محمود 19 جبکہ محمد حسنین 2 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے باولنگ میں سمت پٹیل نے چار، شاہین شاہ آفریدی، فرزان راجہ نے دو دو جبکہ سلمان ارشاد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
99 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی جانب سے سہیل اختر اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔ فخر زمان نے آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔ 27 کے سکور پر پہلی وکٹ فخر زمان کی گری جو 20 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ فخر نے 13 گیندوں کا سامنا کیا جس میں انہوں نے تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ نئے کھلاڑی محمد حفیظ کپتان کا ساتھ دینے کے لیئے میدان میں آئے۔ لاہور کا سکور 32 پر رپہنچا تو اس موقع پر تو کپتان سہیل اختر بھی محمد نواز کا شکار ہو گئے۔ انہیں پانچ کے انفرادی سکور پر سرفراز نے سٹمپ آوٹ کیا۔ ڈنک اور حفیظ کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 68 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ حفیظ 32 گیندوں پر چار چولوں اور ایک چھکے کی مدد سے 39 ناٹ آوٹ اور ڈنک نے 21 گیندوں پر 30 ناٹ آوٹ رنز بنائے۔ لاہور قلندرز نے ہدف 5۔11 اوررز میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ کوئٹہ کی جانب سے دونوں وکٹیں محمد نواز نے حاصل کیں.