پشاور زلمی کو اسلام آبادیونائیٹڈ نے جیت کے لیے 196 رنز کا ہدف دیا ہے تاہم پشاور کی بیٹنگ کے دوران بارش کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جب کہ دوسرا میچ شام 7 بجے لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا لیکن لیوک رونکی 6 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے جب کہ رضوان حسین بھی 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کولن منرو اور شاداب خان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں نے ففٹیز اسکور کیں۔کولن منرو 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شاداب خان نے بھی 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے جب کہ پشاور کی جانب سے حسن علی نے 2، وہاب ریاض، بریتھ ویٹ اور راحت علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جواب میں پشاور زلمی نے 9 اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر 85 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔زلمی کو 11 اوورز میں جیت کیلئے 111 رنز درکار ہیں جبکہ ٹام بینٹن اور حیدر علی وکٹ پر موجود ہیں۔پاکستان کے بیشتر بالائی علاقے ان دنوں بارش کی لپیٹ میں ہیں اور گزشتہ روز لاہور میں بھی بارش کے باعث ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا۔راولپنڈی میں بھی اس وقت موسم شدید سرد ہے اور گراؤنڈ میں پانی کی وجہ سے ٹاس میں بھی تاخیر ہوئی۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024