24 ویں آل پاکستان اہل حدیث 2 روزہ کانفرنس کے انتظامات مکمل
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کی دوروزہ 24 ویں آل پاکستان اہل حدیث کانفرنس 8 اور 9 مارچ کو کالا شاہ کاکو میں ہو رہی ہے۔ جس کے تمام انتظامات مکمل ہو گئے ہیں۔ کانفرنس میں امام کعبہ شیخ صالح بن محمد آل طالب خصوصی طور پر تشریف لارہے ہیں۔ آج سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کی قیادت میں کانفرنس کی 22 مختلف انتظامی کمیٹیوں کا اجلاس کانفرنس کے پنڈال میں ہوا۔ اجلاس میں ڈی سی اوشیخوپورہ اور ڈی پی او نے شرکت کی۔۔ کانفرنس کے ناظم مولانا عبدالرشید حجازی نے بتایا کہ کانفرنس میں اندرون وبیرون ملک سے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ امام کعبہ 8 مارچ کی آخری نشست میں شرکت کے علاوہ 9 مارچ کا خطبہ جمعہ بھی ارشاد فرمائیں گے۔سعودی عرب، امارات، کویت، قطر، برطانیہ، ملائیشیائ، لیبیا، بنگلہ دیش، نیپال، بھارت، مالدیپ اور افغانستان سے وفود شریک ہوں گے۔ کانفرنس کی کل پانچ نشستیں ہوں گی۔ کانفرنس کی پہلی نشست کی صدارت مولانا عبدالرشدحجازی کریں گے۔ دوسری نشست محمد بن سعد الدوسری کی صدارت میں ہو گی۔ تیسری نشست کے مہمان خصوصی امام حرم کعبہ فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر صالح بن محمد آل طالب ہوں گے۔ چوتھی نشست 9 مارچ نماز فجر کے بعد ہو گی۔ پانچویں اور آخری نشست علامہ پروفیسر سینیٹر ساجد میر کی صدارت میں ہوگی۔