انمول ہسپتال میں تابکار ٹارگٹ تھراپی سے مریضوں کا علاج شروع
لاہور (کامرس رپورٹر) انمول ہسپتال میں نئی لیب میں تابکار ٹارگٹ تھراپی (PRRT with LU-177) سے مریضوں کا علاج شروع کر دیا گیا لیب میں پہلے مریض کے علاج کے موقع پر ڈائریکٹر انمول ڈاکٹر ابوبکر شاہد، پراجیکٹ انچارج ڈاکٹر عرفان اللہ، اونکالوجی کی ہیڈ ڈاکٹر مصباح مسعود، ڈاکٹرمحمد نمیر یونس، اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر انمول ڈاکٹر ابوبکر شاہد نے بتایا کہ انمول ہسپتال کے سائنسدانوں نے انٹرنیشنل اٹامک انرجی سے مل کر یہ پراجیکٹ نومبر میں شروع کیا تھا اور آج اللہ کے فضل و کرم سے ہم نے ٹارگٹ تھراپی سے پہلے کینسر کے مریض کا علاج شروع کیا ہے۔ انمول ہسپتال انٹرنیشنل اٹامک انرجی کے تعاون سے یہ علاج شروع کرنے والا ایشیا میں اپنی نوعیت کا پہلا ہسپتال ہے۔