عوام مسلم لیگ ن کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد کرتے ہیں : منشاء اللہ بٹ
لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ عوام مسلم لیگ(ن) کی قیادت اورپالیسیوں پر اعتماد کرتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے عملی اقدامات ملک کی ترقی اور سربلندی کے ضامن ہیں اور یہی حقیقی تبدیلی ہے۔بے بنیاد الزامات اور منفی سیاست عوامی خدمت نہیں اور ہمیشہ مثبت رویہ ہی عوام کی خدمت اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت کو عبادت کا درجہ دے کر ہی عوام کے دل جیتے جا سکتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) سے وفا عوام کے دلوں میں رچی بسی ہے اور عملی اقدامات کے باعث مسلم لیگ (ن) کو عوام میں والہانہ پذیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی فلاح و بہبود اور بلند معیار زندگی مسلم لیگ (ن) کی ترجیح ہے اور خدمت کا پھر موقع ملنے پر عام آدمی کے وقار اور معیار زندگی میں اضافے کے حامل منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھائینگے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور مسلم لیگ(ن) کی عوامی خدمت کی بدولت عوام نے اسے ہر الیکشن میں سرخرو کیا ہے۔ پاکستان کے عوام ملک کی ترقی اور خوشحالی کے متمنی ہیں اور حالیہ ضمنی انتخابات نے یہ ثابت کردیا ہے کہ عوام مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کو جاری و ساری دیکھنا چاہتے ہیں۔