ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کی گردن میں دوبارہ ٹیومر کی نشاندہی کر دی
لندن (عارف چودھری + نوائے وقت رپورٹ) ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کی گردن میں دوبارہ ٹیومر کی نشاندہی کی ہے۔ ڈاکٹرز ذرائع کے مطابق سکین میں پتہ لگا ہے کہ کلثوم نواز کی گردن میں ٹیومر دوبارہ آگیا ہے۔ بیگم کلثوم نواز کی گزشتہ 7 ماہ میں 6 بار کیموتھراپی، 3 بار سرجری بھی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کی ریڈیوتھراپی ٹریٹمنٹ کے ساتھ مزید سرجری کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ کلثوم نواز کے گزشتہ ہفتے سی ٹی سکین اور گیلیم سکین بھی کئے گئے تھے۔ دوسری جانب بیگم کلثوم نواز کے برطانوی ویزے کی توسیع کے لئے شریف خاندان نے برطانوی ہوم آفس سے رابطہ کرلیا ہے۔ ویزے کی توسیع کے لئے درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔ کلثوم نواز چھ ماہ قبل برطانوی ویزے پر لندن پہنچی تھیں۔ خاندان کے ذرائع نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی گردن میں دوبارہ ٹیومر کی ابھی تک ڈاکٹرز کے بورڈ نے تصدیق نہیں کی۔ ڈاکٹرز کے بورڈ نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز مسلسل سرجن سے رابطے میں رہیں۔ گردن میں موجود ٹیومر دوبارہ متحرک ہوسکتا ہے۔ ڈاکٹرز کے بورڈ نے بیگم کلثوم نواز کے علاج کے حوالے سے بیس فیصد خدشے کا اظہار کیا۔