آئی آئی آر او کی جانب سے تھر کے مستحق خاندانوں کیلئے ریلیف پیکج روانہ
اسلام آباد( نوائے وقت نیوز )انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آگنائزیشن (آئی آئی آر او) نے پاکستان کے مرکزی دفتر اسلام آباد سے پہلا ریلیف پیکج ہزاروں مستحق خاندانوں کے لیے روانہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ہمیشہ کی طرح امسال بھی انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آگنائزیشن نے صحرائے تھر اور کشمیر کے ہزاروںمستحق خاندانوں کے لیے ریلیف پیکج روانہ کر دیا اس سلسلے میں مرکزی دفتر میں ایک تقریب ہوئی۔تقریب میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ عبدالغفور حیدری ،مشیر شہری ہوابازی سردار مہتاب احمد خان عباسی ، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیرنواف سعیدالمالکی،سیاسی و سماجی رہنماء و صدر پاکستان گرین ٹاسک فورس ڈاکٹر جمال ناصر، ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عبدہ بن محمد عتین اور ڈپٹی ڈائیریکٹر جنرل آئی آئی آر او سعد مسعود الحارثی اور ڈپٹی ڈائریکٹرجاوید بٹ کی نگرانی میں ہزاروںمستحق خاندانوں کے لیے 12ٹرکوں پر مشتمل ریلیف پیکج کی کھیپ سندھ اور آزادکشمیر کیلئے روانہ کر دی گئی اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینٹ عبدالغفور حیدری نے کہا کہ انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن (آئی آئی آر او)کی رفاہ عامہ کے حوالے سے خدمات ناقابل فراموش ہیں،زلزلہ ہو ،سیلاب ہو یا کوئی بھی قدرتی آفت ، ہر موقع پرسعودی حکومت اور آئی آئی آر او نے پاکستانیوں کا ساتھ دیا جس پر ہم انکے مشکور ہیں۔ آئی آئی آر او کی خدمات صرف ایمرجنسی ریلیف تک محدود نہیں بلکہ یتیموں کی سرپرستی ،پینے کے پانی کے لئے نلکے ،چھوٹی مساجد اور تعلیم کے شعبے میں ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔مشیر شہری ہوابازی سردار مہتاب احمد خان عباسی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی پوری دنیا کیلئے مثال ہے کسی بھی مشکل میں پاکستانی قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا سعودی حکومت اور عوام کا ہمیشہ سے طرہ امتیاز رہا ہے ۔ہر مشکل گھڑی میں سعودی حکومت اور عوام پاکستانی حکومت اوراور عوام کے ساتھ ہوتے ہیں۔پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعیدالمالکی نے کہا کہ مستحق پاکستانیوں کی امداد میں کوئی کسراٹھا نہیںرکھیں گے سعودی عرب اور پاکستان کے مابین دوستی اور بھائی چارے کا لازوال رشتہ رہتی دنیا تک قائم رہے گا پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب ہیں۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں کے عوام کیلئے خوراک اور کمبلوں سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی فراہمی سعودی حکومت کی پاکستانیوں سے محبت کی دلیل ہے ۔خادم الحرمین الشریفین سلیمان بن عبدالعزیز اور ان کی کابینہ کے اراکین کی فلاح انسانیت کیلئے خدمات باعث تحسین ہیں۔اور پاک سعودیہ تعلقات دن بدن مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں۔ ریجنل ڈائریکٹرجنرل انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن ڈاکٹر عبدہ عتین نے کہا کہ ہم ہمیشہ پاکستانیوں کی خدمت میں پیش پیش رہے ہیں اور آئندہ بھی مستحقین تک امداد پہچانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے