امام کعبہ کی آمد سے اتحاد واتفاق کی فضا پیدا ہوگی،حافظ مقصوداحمد
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی)ہمارا ملک اس وقت بیرونی خطرات میں گھرا ہوا ہے۔چاروں طرف سے خطرات منڈلا رہے ہیں،اداروں اور سیاستدانوں کو آپس میں مل بیٹھنا چاہیے۔لیکن افسوس کہ ان کی باہمی چپقلش اور ایک دوسرے پر الزامات ملک کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں۔ ملکی مفاد کی خاطر ان سب کو اتحاد کرنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث اسلام آباد حافظ مقصود احمد نے گذشتہ روز دو روزہ آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس کی تیاری کے سلسلے میں ملاقات کے لیے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں 9-8 مارچ کو منعقد ہونے والی اہلحدیث کانفرنس میں امام کعبہ کی آمد حقیقت میں اتحاد واتفاق کی مظہر ہوگی۔ملک کی سالمیت اور ترقی کے لیے دعائیں کی جائیں گی۔کشمیر اور شام میں مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔جب تک عالم اسلام میں اتحاد پیدا نہیں ہوتا تب تک ملت اسلامیہ کے مسائل حل نہیں ہو سکتے نہ ہی مسلمان ملکوں، حکومتوں اور عوام کو تحفظ نصیب ہو سکتا ہے۔اگر پاکستان کی تمام دینی وسیاسی جماعتیں مکمل اتحاد کا مظاہرہ کریں تو انڈیا کو سرحدوں کی خلاف ورزی کی جرأت نہیں ہو سکتی۔دنیا بھر کے مسلمانوں کا فرض ہے کہ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے ایک ہوجائیں۔انہوں نے حرمین کی حفاظت کے لیے پاکستانی افواج کو سعودی عرب بھیجنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔