ائرچیف مارشل سہیل امان کی نیول چیف سے الوداعی ملاقات
اسلام آباد، لاہور (سٹاف رپورٹر+ خبرنگار) فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل سہیل امان نے سبکدوشی سے پہلے الوداعی ملاقاتوں کلا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ منگل کے روز انہوں نے بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے الوداعی ملاقات کی۔ نیول ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر پاک فضائیہ کے سربراہ کو چا ق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے تعیناتی کے دوران خدمات انجام دینے پر پاک فضائیہ کے سربراہ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور بحریہ اور فضائیہ کے درمیان پیشہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ میں ان کی کردار کی تعریف کی۔ فضائیہ کے سربراہ نے نیول چیف کی نیک خواہشات اور پیشہ ورانہ امور میں پاک نیوی کے تعاون پر تشکر کا اظہار کیا۔ خیال رہے کہ سہیل امان اٹھارہ مارچ کو مدت ملازمت پوری کر کے اپنے منصب سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔