سری لنکا نے بھارت کو دھول چٹا دی‘ افتتاحی میچ میں 5 وکٹ سے کامیابی
کولمبو (اے پی پی) کوسل پریرا کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت سری لنکا نے بھارت کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں فاتحانہ آغاز کیا، میزبان ٹیم نے 175 رنز کا ہدف 18.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، تھسارا پریرا نے 22 اور شناکا نے 15 ناقابل شکست رنز بنا کر بھارت کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، کوسل پریرا نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی بائولرز کی خوب دھنائی کی۔ انہوں نے 37 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 66 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ دھون کی 90 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، کوسل پریرا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، بھارتی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا شیکھر دھون اور منیش پانڈے نے عمدہ بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ میں 95 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا، 104 بھارت کی چوتھی وکٹ گری جب دھون جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 90 رنز بنانے کے بعد گونا تھلیکا کی گیند کا نشانہ بنے، ان کی اننگز میں 6 شاندار چھکے بھی شامل تھے، سری لنکن اننگز کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 12 کے سکور پر اسے کوسل مینڈس کا نقصان اٹھانا پڑا جو 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر کوسل پریرا نے گونا تھلیکا کے ساتھ مل کر عمدہ بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور 70 تک پہنچا دیا، 136 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد تھسارا پریرا اور شناکا نے ڈٹ کر بھارتی بائولرز کا مقابلہ کیا اور چھٹی وکٹ میں 39 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی۔