صوبائی حلقہ 161میں سینکڑوں کھلے مین ہولز موت کو دعوت دینے لگے، انتظامیہ خاموش تماشائی
رائیونڈ (نامہ نگار) صوبائی حلقہ 161 میں متعدد جگہوں پر کھلے سینکڑوں مین ہولز موت کے کنویں بن کر بچوں کے گرنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ بارہاحکام کو گزارشات کے باوجود بے حسی کا عالم ہے۔ رائیونڈ میں کئی دفعہ کمسن بچے کھلے مین ہولز میں گر گئے۔ دیہاتوں سے اکثر اوقات بوڑھے افراد کے گٹروں میں گر کر زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ حلقہ میں لوکل گورنمنٹ سرکل لاہور، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ اور اقبال زون کی طرف سے اربوں روپے کا تعمیراتی فنڈ لگایا جا چکا ہے ،پہلی بات تو یہ ہے کہ کئی علاقوں میں ایک ہی سڑک یا گلی کاغذوں میں تین تین بار بنائی ہوئی ہے پورے حلقہ میں کسی بھی جگہ گٹروں کے ڈھکنوں کو سڑکوں کے ساتھ ہموار نہیں کیا گیا کسی جگہ گٹر اونچا ہے تو کہیں گڑھا پڑا ہوا ہے جس کے باعث آئے دن موٹر سائیکل سواروں کے ایکسیڈنٹ ہوتے رہتے ہیں۔