عمران کو وزیراعظم نہ بنایا تو ملک وقوم کا خدا ہی حافظ ہے: وزیراعلیٰ خیبر پی کے
پشاور(بیورورپورٹ)وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان کی صورت میں پاکستانی قوم کوبہترین لیڈر ملا ہے اگلے چند مہینے بعد ہونے والے عام انتخابات عمران خان کو وزیراعظم منتخب کرنے کا سنہری موقع ہے کیونکہ وہ ملک کو درپیش چیلنجوں اور حکمرانوں کے بھیس میں چھپے چوروں اور لٹیروں سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ لوٹا ہوا خزانہ واپس لانے کی بھرپور صلاحیت ر کھتے ہیں اسلئے قوم کسی بھی صورت میں یہ موقع ضائع نہ ہونے دے ورنہ اس ملک اور قوم کا خدا ہی حافظ ہے۔ تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے پی ٹی آئی میں دوسری جماعتوں سے لوگوں کی جوق در جوق شمولیت عوام کا عمران خان کی مخلصانہ قیادت پر اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اس موقع پرمتعدد پی پی کارکنوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ ہائوس میں درجہ چہارم ملازمین ایسوسی ایشن کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی ، میرٹ کی بالادستی اور ذمہ داریوں کی انجام دہی سے ہی معاشرے میں خوشحالی آتی ہے جس کیلئے موجودہ صوبائی حکومت نے نتیجہ خیز اقدامات کئے ہیں ملازمین کی فلاح و ترقی بھی ہماری حکومت کی ترجیح رہی ہے ۔