سیالکوٹ: منشیات فروخت نہ کرنے پر سعودیہ پلٹ نوجوان کو شہ رگ کاٹ کر قتل کردیا
سیالکوٹ(نامہ نگار) منشیات فروخت نہ کرنے پر تارا قصائی نے سعودی پلٹ نوجوان کو شہ رگ کاٹ کر قتل کر دیا ۔ بتایا گیا کہ تھانہ رنگپورہ کے علاقہ لال پورہ کے کلاتھ مرچنٹ عالمگیر کے بیٹا عثمان علی سعودی عرب میں بطور الیکٹریشن کام کرتا ہے۔ کچھ عرصہ قبل گھر آیا ہوا تھا،عالمگیر کا کہنا ہے کہ طاہر عرف تارا اسکے بیٹے عثمان علی کو منشیات فروخت کرنے کی ترغیب دے رہا تھا لیکن عثمان علی اسے انکار کر رہا تھا۔ گزشتہ صبح طاہر عرف تارا آیا گھر کی بجلی ٹھیک کرنے کے بہانے عثمان علی کو اپنے گھر لے گیا اور عثمان کو منشیات فروخت کرنے کیلئے دباؤ ڈالتا رہا۔ عثمان علی کے انکار کرنے پر طاہر عرف تارا قصائی نے عثمان علی کے سر پر چھری کے وار کئے اور بعد میں اسکی شہ رگ بھی کاٹ دی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی تڑپ تڑپ کر جاں بحق ہو گیا۔ دوسری طرف ملزم طاہر عرف تارا قصائی کے قریبی عزیز کا کہنا ہے کہ طاہر نے مقتول عثمان کو اپنی بیٹی کے ساتھ گھر میں قابل اعتراض حالت میں دیکھا تھا جس پر نے طیش میں آکر چھری کے وار کرکے عثمان کو قتل کر دیا ۔ پولیس کا کہنا ہے ملزم طاہر نے آلہ قتل سمیت پیش ہوکر گرفتاری دیدی ہے۔