سعودی عرب: 65ریال کے پیچھے 26سالہ پاکستانی کی جان چلی گئی
جدہ (آن لائن)سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں ایک ایندھن سٹیشن پر ایک وفادار اور محنت کش پاکستانی نے صرف 65 ریال کے لئے اپنی جان گنوا دی۔ سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پاکستانی مشرقی صوبے کے ہی ایک پٹرول سٹیشن پر کام کرتا تھا۔ پٹرول سٹیشن پر آئے ہوئے کچھ لڑکوں نے پٹرول ڈلوا کر 65 ریال ادا نہ کئے اور وہاں سے جانے لگے تو پاکستانی کارکن 26سالہ شمریز گاڑی کی پچھلی سیٹ پر چڑھ کر انھیں روکنے کی کوشش کرنے لگا۔ لیکن 17 سالہ سعودی نے اپنے دوستوں کیساتھ مل کر گاڑی چلا دی جس سے شمریز گاڑی سے نیچے گر گیا اور اسے سخت چوٹیں آئیں۔ ادھر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملا۔ شمریز کا تعلق پاکستان کے شہر گجرات سے تھا اور وہ سعودی عرب میں ملازمت کی غرض سے رہائش پذیر تھا۔ شمریز کے والدین نے اسکے جسمانی اعضا عطیہ کر دئیے۔