انصاف عام آدمی کی دسترس میں ہو تو قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا: جسٹس یاور
راولپنڈی (آن لائن) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد یاور علی نے کہا ہے کہ بلاشبہ جس قوم میں انصاف عام آدمی کی دسترس میں ہو اسے کوئی شکست نہیں د ے سکتا، انصاف کی فراہمی میں تاخیر قومی تنزلی کا باعث بنتی ہے، مقدمات میں غیر ضروری تاخیر اورجانبدارانہ فیصلے نہ صرف ہماری پیشہ ورانہ بددیانتی کہلاتی ہے بلکہ ہماری قومی اور دینی پستی کی وجہ بھی بنتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عادل منصف کا درجہ سب سے افضل قرار دیا گیا ہے اور عوام کو انصاف کی فوری دستیابی یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے کہ عدالتی نظام میں جدت لاتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جائے جس کے ذریعے آن لائن ریکارڈنگ سے نہ صرف اپنا اور قوم کا قیمتی وقت بچایا جاسکتا ہے بلکہ قومی خزانہ پر اخراجات کا بوجھ بھی ممکنہ حد تک کم کیا جاسکتا ہے، اس سے لوگوں کو عدالتو ں کے بلاوجہ چکروں سے بچاکر انصاف کی ان کی دہلیز پر فراہمی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی کی کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔