سپورٹس انفراسٹرکچر کیلئے 245 سکیمیں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کی ہیں : جہانگیر خانزادہ
لاہور(نمائندہ سپورٹس) صوبائی وزیر کھیل و اُمور نوجوانان جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو ا کھیلوں کیلیے بھی بہترین انفراسٹریکچر فراہم کر رہے ہیں ۔ اس مقصد کیلیے رواں مالی سال میں سپورٹس انفراسٹریکچر کیلیے 245سکیمیں شامل کی گئیں ہیں ۔جن میں کرکٹ اکیڈیمیز، ای لائبریریز، جیمنیزیمز، سوئمنگ پول اور ہاکی سٹیڈیمز کا قیام اورصوبے بھر میں پلے فیلڈز کی اپ گریڈیشن اور کھیلوں کے مختلف مقابلوں کا انعقاد شامل ہے۔مذکورہ سکیموں میں سے اسوقت تک 40 جیمنیزیم، 19 ای لائبریریز، 04ہاکی سٹیڈیم،09کرکٹ اکیڈیمز تیار ہو چکی ہیں جبکہ حال ہی میں بدست وزیراعلیٰ پنجاب قذافی سٹیڈیم میں پاکستان کے پہلے بین الاقوامی سطح کے سوئمنگ پول کا افتتاح بھی کیا جا چکاہے جہاں سوئمنگ کے شوقین نوجوانوں اور بچوں کو تربیت سے لے کر ورلڈ اولمپکس میں شرکت تک کے مواقع مہیا کیے جائیں گے۔رواں مالی سال کے اختتام تک پنجاب کے سپورٹس کے انفراسٹریکچر میں مزید 35سکیموں کا اضافہ ہو چکا ہو گا جو سال18 2017- کی ترقیاتی منصوبہ بندی کا حصہ ہیں۔ سالانہ ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ پرائیویٹ پارٹنز کے تعاون سے قومی و صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلے منعقد کروائے جا رہے ہیں ۔ اس مقصد کے لیے سکولوں اور کالجوںمیں پلے فیلڈز کی اَپ گریڈیشن اور عدم موجود سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔رواں مالی سال میں منعقد کروائے جانے والے مقابلوں میں بلائنڈز کرکٹ ورلڈ کپ، سپیشل اولمپکس، پنجاب اولمپکس اور ہاکی لیگزشامل ہیں۔ کمیونٹی کی سطح پر کھیل کے میدانوں کی فراہمی بھی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اس ضمن میں مقامی لوگوں کی نشاندہی پر خالی میدانوں کو پلے گرائونڈز میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ بچے اپنا فارغ وقت غیر صحتمندانہ سرگرمیوں میں ضائع کرنے کی بجائے کھیلوں کے میدان آباد کریں۔ مقامی بچوں کی کھیلوں میں دلچسپی میں اضافے کے لیے سال 2018 پنجاب گیمز کے انعقاد کی تیاریوں کا بھی آغاز کیا جا چکا ہے۔ صوبے میں بین الاقوامی کھیلوں اور کھلاڑیوں کی آمد کو یقینی بنانے کے لیے سپورٹس انفراسٹرکچر کے علاوہ سکیورٹی کے انتظامات کو بھی فول پروف بنایا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں کرکٹ ورلڈ الیون ٹیم، کوئینز اور فیفا ٹرافی کی لاہور آمداور آئندہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ ، فٹبال اور ٹینس کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی یقین دہانی حکومت پنجاب کی کامیابیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔