باقی میچز میں ٹیم میں تبدیلیاں کی جائیں گی:فخر زمان
لاہور (نمائندہ سپورٹس ) پاکستان سپر لیگ میں مسلسل پانچ میچوں میں شکست کے بعد لاہور قلندرز کے نائب کپتان فخر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز میں ٹیم میں تبدیلیاں کی جائیں گی، امید ہے یہ ٹیم کے لیے اچھی ثابت ہوں گی۔ اوپنرز اچھا آغاز دے رہے لیکن ان کو لمبا کھیلنا چاہیے کیوں کہ ہمارا مڈل آرڈر فارم میں نہیں ہے، سینئر کھلاڑیوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ کرکٹ میں آپ کو ہر وقت اچھے کی امید رکھنی چاہیے، ہم بھی پرامید ہیں کہ بقیہ تمام میچ جیت جائیں گے۔ شکستوں کے باوجود ٹیم کا ماحول اچھا ہے لیکن ہارنے کے بعد مایوسی تو ہوتی ہے اس لیے لڑکے تھوڑے مایوس ہیں، ٹیم مینجمنٹ اس حوالے سے مطمئن ہے کہ لڑکے اچھا کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن جیت نہیں مل پارہی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں امپائر کے فیصلے پر ان کا کہنا تھا کہ وہ ریویو لینا چاہتے تھے لیکن امپائر نے کہا کہ آپ کے پاس ریویو نہیں ہے۔