طالبات پڑھائی پر بھرپور توجہ، ملک و قوم اور اپنے والدین کا نام روشن کریں، نبیلہ جارج
راولپنڈی (نیوزرپورٹر)سینٹ میریز اکیڈیمی برائے طالبات لالہ زار راولپنڈی میں ایلیمینٹری سے پرائمری میں پروموٹ ہونے والی طالبات کی ’’گریجویشن عہد ‘‘ تقریب ہوئی جس میں پرنسپل سینٹ میریز اکیڈیمی برائے طالبات نبیلہ جارج نے طالبات سے حلف لیا ۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل نبیلہ جارج نے کہاکہ طالبات اپنی پڑھائی پر بھرپور توجہ دیں اور تعلیمی میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑتے ہوئے ملک و قوم اور اپنے والدین کا نام روشن کریں اور ایلیمینٹری سے گریجویشن تک تعلیم جاری رکھنے کا عزم پورا کریں ۔انہوں نے کہاکہ تعلیم انسان کو احترام آدمیت کا درس دیتی ہے اور خصوصاً ایک لڑکی کی بہترین تعلیم ایک نسل کی بہترین بنیاد کی ضمانت ہے ۔نبیلہ جارج نے کہاکہ سینٹ میریز اکیڈیمی طالبات کی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ان میں غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی پیش پیش ہے کیونکہ ایک صحت مند جسم ہی ایک صحت مند دماغ کا ضامن ہے ۔اس موقع پر پرنسپل نبیلہ جارج نے اساتذہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ طالبات کی نصابی سرگرمیوں میں اساتذہ کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا جبکہ سینٹ میریز اکیڈیمی برائے طالبات کی تمام اساتذہ بچیوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی بہترین اخلاقی تربیت میں بھی مصروف عمل ہیں جو خوش آئند ہے ۔