خواتین کے عالمی دن کے موقع پر گورنمنٹ ڈگری کالج جھنڈا چیچی میں تقریب
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر گورنمنٹ ڈگری کالج جھنڈا چیچی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا - اس موقع پر راولپنڈی کے انٹر، ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ کالجز کی طالبات کے درمیان تقریری مقابلے منعقد کیئے گئے-ان تقریری مقابلوں کی مہمان خصوصی گورنمنٹ ڈگری کالج جھنڈا چیچی کی پرنسپل ثمر زہراء کاظمی تھیں - تقریب کی صدارت اور انتظامات کے فرائض مسز انجم آراء نے سرانجام دیئے۔تقریری مقابلوں میں گورنمنٹ گرلز کالج سیکتھس روڈ کی مس ناہید رضا، گورنمنٹ کالج مری روڈ کی مس ناصرہ جبیں اور گورنمنٹ وقار السناء کالج کی مس صفیہ کوثر نے ججز کے فرائض سرانجام دیئے- انٹر لیول کے تقریری مقابلوں میں گورنمنٹ ڈگری کالج جھنڈا چیچی کی تقدس زہراء نے اول، گورنمنٹ ڈگری کالج ڈھوک حسو کی مناہل بھٹی نے دوسری جبکہ خدیجہ عمر کالج ٹینچ بھاٹہ کی حفصہ عروج نے تیسری پوزیشن حاصل کی- ڈگری لیول کے تقریری مقابلوں میں گورنمنٹ ڈگری کالج ڈھوک حسو کی ماہ نور ملک نے پہلی، گورنمنٹ ڈگری کالج جھنڈا چیچی کی سویرا اعجاز نے دوسری جبکہ گورنمنٹ کالج آف کامرس کی ارم جاوید نے تیسری پوزیشن حاصل کی- مہمان خصوصی گورنمنٹ ڈگری کالج جھنڈا چیچی کی پرنسپل ثمر زہراء کاظمی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی اور ملکی خوشحالی میں خواتین اہم کردار ادا کرتی ہیں- انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں سرانجام دینے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے خواتین کے حوالے سے یہ خصوصی دن منایا جاتا ہے- انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت تیز رفتاری سے ترقی کرے گا جب پاکستان کی تمام خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کریں گیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گی- انہوں نے تقریری مقابلوں کے دوران طالبات کی طرف سے پیش کیئے جانے والے خیالات اور تجاویز کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ملک کی خواتین اپنے فرائض منصبی کو بھرپور طریقے سے ادا کرتی رہیں گی جو ان کو ان کی صلاحیت کے مطابق سونپے جائیںگے- آخر میںمہمان خصوصی گورنمنٹ ڈگری کالج جھنڈا چیچی کی پرنسپل ثمر زہراء کاظمی نے جیتنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیئے۔