بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام کیلئے پی آئی اے تمام وسائل بروئے کار لائیگی: سردار مہتاب
لاہور +اسلام آباد(خبر نگار+سٹاف رپورٹر) وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے پی آئی اے کے شعبہ انجینئرنگ کی مینٹیننس صلاحیت بڑھانے کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کے پانچ سالہ پلان میں مجموعی خسارہ ختم کرنے اور پی آئی اے کو قومی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام دلانے کے لئے پی آئی اے اپنے تمام صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائے گا‘ پی آئی اے انجنیئرنگ شعبے نے کراچی کے بعد اسلام آباد میں بھی بڑے جہازوں کی ''چیک اے''کی صلاحیت حاصل کر لی ہے‘پی آئی اے کے علاوہ دیگر ائیر لائن کے جہازوں کی اے چیکنگ کرتے ہوئے ایک سال کے دوران پی آئی اے انجینئرنگ نے ایک ارب روپے آمدن حاصل کی ہے‘وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں پی آئی اے کی ری سٹریکچرنگ کرتے ہوئے بنیادی اور غیر بنیادی امور کے الگ کیا جارہا ہے‘پی آئی اے اب ویٹ لیز پر جہاز نہیں لے گی ڈرائی لیز پر زیادہ گنجائش اور بڑی جسامت والا طیارہ حاصل کر رہے ہیں‘مجموعی طور پر 32جہاز پی آئی اے بیڑہ میں شامل ہیں۔وہ منگل کو بے نظیر بھٹو انٹر نیشنل ایئر پورٹ اسلام آباد میں پی آئی اے کے شعبہ انجینئرنگ کی صلاحیت بڑھانے کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن عرفان الہی‘چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے مشرف رسول‘چیف ٹیکنیکل آفیسر عامر علی کے علاوہ پی آئی اے اور ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلی حکام موجود تھے۔وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب خان نے دیگر حکام کے ہمراہ چیک اے کے لئے گرائونڈ کیے گئے جہاز 320کا باغور معائنہ کیا اس موقع پر ہدایت دی کہ جہاز کے اندر مسافروں کے لئے آرام دہ اور صاف ستھری سیٹیں ہونی چاہیں تا کہ زیادہ سے زیادہ مسافر پی آئی اے کے طرف راغب ہوں۔