15 پی ٹی آئی ارکان ہارس ٹریڈنگ میں ملوث‘ پرویز خٹک کی رپورٹ: نام سامنے لائیں‘ بکنے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں‘ عمران
اسلام آباد ( اپنے سٹاف رپورٹر سے + ایجنسیاں) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت سینئر رہنمائوں کا اجلاس ہوا جس میں نیشنل سکیورٹی پالیسی، سینٹ انتخابات کےبعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں نئی حلقہ بندیوں کے معاملے پر بھی مشاورت کی گئی۔ عمران خان پی ٹی آئی کے اراکین صوبائی اسمبلی کی ہارس ٹریڈنگ پر برہم ہوئے پرویز خٹک نے ہارس ٹریڈنگ کے معاملے پر ابتدائی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ارکان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ارکان پارٹی کی بدنامی کا باعث بنے ہیں۔ بکنے والے ارکان تحریک انصاف میں کوئی جگہ نہیں عمران خان نے پرویز خٹک کو ہدایت کی کہ ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ارکان کے نام سامنے لائے جائیں شیریں مزاری نے نیشنل سکیورٹی پالیسی پر بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ خیبرپی کے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے 15 ارکان خیبر پی کے اسمبلی کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبرپی پرویز خٹک کو سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی تحقیقات کی ہدایت کی تھی۔ جس پر پرویز خٹک نے سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کی انکوائری رپورٹ تیار کر لی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا پی ٹی آئی کے 15 ارکان صوبائی اسمبلی نے پیسے لے کر اپنے ووٹ بیچے۔ ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ارکان میں زاہد درانی، عبید میر، افتخار مشوانی، عبدالحق، قربان خان، شاہ فیصل، گل شاہد خان، جاوید نسیم، محب اللہ، نگینہ، دینہ ناز، زرین ضیا، نرگس، خاتون بی بی اور یسین خیل شامل ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ قومی جرم ہے۔ سب سے بڑے ایوان کے انتخابات پر سمجھوتہ ہوا۔ ضمیر کا سودا کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ شفاف انتخابات کیلئے غیر جانبدار نگران نظام یقینی بنایا جائے۔ عدلیہ پر حملہ کرنے والے بغاوت کو ہوا دے رہے ہیں۔ ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم کسی بھی صورت مسلم لیگ(ن)کا چیئرمین سینیٹ نہیں بننے نہیں دیں گے۔ چھوٹی پارٹیوں سے سینیٹ چیئرمین کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہارس ٹریڈنگ میں ملوث اپنے ایم پی ایز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں سولہ کے قریب ایم پی ایز کے ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے جنہیں گرے لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے۔ الزام ثابت ہونے پر انہیں بلیک لسٹ میں ڈالا جائے گا۔فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم سینٹ الیکشن کے طریقہ کار میں تبدیلی کیلئے پارلیمنٹ کے ذریعے ترامیم لائیں گے۔ اس عہدے کیلئے تحریک انصاف نے آزاد سینیٹروں سے رابطے کر لئے ہیں۔ سینٹ الیکشن میں طریقہ کار سے ہارس ٹریڈنگ ہورہی ہے۔ جبکہ سینٹ میں ہارس ٹریڈنگ کے خلاف سینیٹرز اعظم سواتی اور شبلی فرازترمیم لائیں گے عمران خان نے کہہ دیا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ میں ہمارا جو بھی ممبر ملوث پایا گیا کارروائی کریں گے اس عمل میں تحریک انصاف آنکھیں بند کرکے تماشہ نہیں دیکھ سکتی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پانامہ کیس میں نیب عدالت میں سپریم کورٹ کی دی گئی ٹرائل مکمل کرنے کی چھ ماہ کی مدت کل ختم ہو رہی ہے توقع ہے کہ سپریم کورٹ کی مقرر کردہ مدت کے اندر فیصلہ ہوگا ۔