سابق چیئرمین سی ڈی اے امتیاز عنایت الٰہی‘ ممبر فنانس سعید الرحمن کرپشن الزامات پر گرفتار
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے کلچرل کمپلیکس شکر پڑیاں اسلام آباد کی تعمیر میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کے مبینہ الزامات پر سابق چیئرمین سی ڈی اے امتیاز عنایت الہی اور ممبر فنانس سی ڈی اے سعید الرحمن کو گرفتار کر لیا،نیب نے ملزما ن کو عدالت میں پیش کرکے سات روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین سی ڈی اے امتیاز عنایت الہی اور ممبر فنانس سی ڈی اے سعید الرحمن نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے منصوبہ پر جاری کام کو بلاوجہ رکوایا جس سے قومی خزانہ کو بھاری نقصان پہنچا۔ ملزمان کو منگل کو ا احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزمان کو مزید تفیش کیلئے سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالہ کر دیا۔ دریں اثناء چیئرمین نیب نے تمام ڈی جیز سے 2 ماہ میں شکایات کی جانچ پڑتال، 4 ماہ میں انکوائریاں اور 4 ماہ میں انوسٹی گیشنز مکمل نہ کرنے والے تمام انوسٹی گیشن کی تفصیلات طلب کرلی ہیں، قومی احتساب بیورو کے چیئرمین (ر) جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے کیونکہ بدعنوانی نہ صرف تمام برائیوں کی جڑ ہے بلکہ بدعنوانی کی وجہ سے ملک کی ترقی و خوشحالی کا سفر رک جاتا ہے یا پھر اس میں تیزی نہیں رہتی، نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کو نہ صرف اولین ترجیح قرار دیتا ہے بلکہ اس کیلئے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈکوارٹرز میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے خطاب میں پہلے دن تمام نیب کے افسران کو واضح ہدایات جاری کی تھیں کہ اب انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز الماریوں اور فائلوں میں بند نہیں پڑی رہیں گی بلکہ قانون اور شواہد کی بنیاد پر تمام مقدمات کو مقررہ وقت کے اندر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ چیئرمین نیب نے تمام ڈی جیز کو ہدایت کی کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز مقررہ وقت کے اندر مکمل کی جائیں اور ہر شخص کی عزت نفس کا قانون کے مطابق خیال رکھا جائے۔