چیئرمین سینیٹ کیلئے پیپلز پارٹی نے مشاورت اور رابطوں کا سلسلہ وسیع کر دیا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ کے منصب کے لئے پارٹی کے اندر مشاورت کے ساتھ ساتھ رابطوں کا سلسلہ وسیع کر دیا ہے۔ پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دوسری قیادت کی اسلام آباد آمد متوقع ہے۔ جبکہ آصف علی زرداری پہلے ہی سے یہاں موجود ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی اسلام آباد میں موجودگی کے دوران پارٹی کے چیئرمین کے لئے امیدوار کا حتمی تعین کیا جائے گا اور پی پی پی ہر صورت میں اپنے امیدوار کو چیئرمین کے منصب پر کھڑا کرے گی۔ گزشتہ روز بھی پی پی پی کے راہنماؤں نے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے سینیٹرز سے رابطے جاری رکھے اور ان میں سے بعض کی براہ راست آصف علی زرداری سے ملاقات کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پی پی پی اپنے چیئرمین کے حق میں مطلوبہ تعداد کو پورا کرنے کے لئے ڈپٹی چیئرمین اور اپنے حصے میں آنے والی سینیٹ مجالس قائمہ کی سربراہی بھی اتحاد کرنے والوں کو دینے کے لئے تیار ہے۔ پی پی پی کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندر چیئرمین کے منصب کے لئے پارٹی امیدوار کے نام پر کافی حد تک اتفاق رائے پایا گیا ہے اور اس کا رابطوں کی تکمیل پر اعلان جلد کر دیا جائے گا۔