غیرملکی فنڈنگ کیس‘ حکمران جماعت کا وکیل پیش نہ ہوا‘ سماعت 27 مارچ تک ملتوی
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی مبینہ غیرملکی پارٹی فنڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کی۔ مسلم لیگ ن کے وکیل جہانگیر جدون آج بھی پیش نہیں ہوئے۔ تحریک انصاف کی جانب سے فیصل چوہدری جبکہ پیپلزپارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ پیش ہوئے۔ ممبر الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے کہا کہ جہانگیر جدون نے جواب جمع کرانا ہے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں جواب پندرہ جنوری کو جمع کرا چکے ہیں۔ ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ درخواست گزار کو جواب کی کاپی فراہم کر دیں۔الیکشن کمیشن نے دونوں درخواستوں پر سماعت ستائیس مارچ تک ملتوی کر دی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے خلاف فارن فنڈنگ پر درخواستیں دائر کی ہوئی ہیں۔پی ٹی آئی نے ایک شوقیہ فنکاری میں درخواست دائر کی ہے۔ہماری فارن فنڈنگ ہے ہی نہیں۔سینٹ کے الیکشن میں کہا جا رہا ہے کہ ہارس ٹرینڈنگ ہو رہی ہے۔آپ جیت جائیں تو ٹھیک باقی جیتیں تو ہارس ٹریڈنگ ہو جاتی ہے۔ بلوچستان سے ہمارے ساتھ 6 سینیٹرز شامل ہوں گے۔ سینیٹ میں چیئرمین ہمارا بنے گا۔ ڈپٹی چیئرمین انکا بنوائیں گے جو ہماری حمایت کریں گے فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ آج بھی ن لیگ کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا۔ نواز شریف اور درباریوں نے اداروں کے خلاف جنگ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مسلم لیگ ن کا فارن فنڈنگ میں دم دبا کر بھاگنا روایت ہے۔ پیپلز پارٹی آج بھی تاریخ لے کر چلی گئی۔ بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی۔ توقع ہے الیکشن کمیشن ان کو قانون کے دائرے میں لے کر آئیں گا۔
غیرملکی فنڈنگ