جماعت اسلامی عام انتخابات ایم ایم اے کیساتھ ملکر لڑے گی‘ سراج الحق
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عام انتخابات ایم ایم اے کے ساتھ مل کر لڑے گی۔ اس سلسلے میں مضبوط امیدوار کھڑے کئے جائیں گے۔ الیکشن کی بھرپور تیاریاں کی جائیں اور پولنگ اسٹیشنوں کی سطح تک مضبوط تنظیمی ڈھانچہ قائم کیا جائے۔ وہ منگل کے روز یہاں ضلعی دفتر میں جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں راولپنڈی میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ حلقہ بندی میں الٹ پلٹ کر کے بعض لوگوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے اس بارے میں تفصیلی جائزہ لیکر الیکشن کمشن میں اپیل کی جائے گی اور اگر وہاں شنوائی نہ ہوئی تو عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ اجلاس میں سٹی ڈسٹرکٹ کے امیر سید عارف شیرازی‘ جنرل سیکرٹری ضیاء اﷲ چوہان اور نائب امراء سید عذیر حامد‘ رضا احمد شاہ‘ شیخ مسعود احمد‘ قاضی جمیل احمد اور رضوان احمد نے شرکت کی۔ سراج الحق نے جماعت کے رہنما سیف اﷲ گوندل ایڈووکیٹ کے صاحبزادے کے عقیقہ میں بھی شرکت کی۔
سراج الحق