چیئرمین سینیٹ نے ایوان کو صحیح معنوں میں ایوان بالا بنایا
اسلام آباد (محمد فہیم انور/نوائے وقت نیوز) سینیٹ سے سبکدوش ہونے والے سینیٹرز نے چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین سینٹ نے اس ایوان کو صحیح معنوں میں ایوان بالا بنایا اور غیر جانبدارانہ طریقے سے اس ایوان کو چلایا، سیاست کے ذریعے عوام کی زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے، سیاسی جماعتوں کے اندر بھی مزید جمہوریت کی ضرورت ہے، ہمیں نوجوانوں کو سیاست کی طرف لانا چاہیے۔ سبکدوش ہونے والے سینیٹرز نے پارلیمنٹ کی بالا دستی اور سیاستدانوں کے وقار کو بڑھانے میں ناکامی کا اعتراف بھی کیا۔ بعض سینیٹرزکی تقریر کے دوران افسردگی صاف عیاں تھی۔ ایم کیو ایم پاکستان کی سبکدوش ہونے والی سینیٹر نسرین جلیل تو الوداعی خطاب کے دوران آبدیدہ ہو گئیں۔انہوں نے کہا کہ اس ایوان میں بہت عزت ملی ہے اور بہت اچھا وقت گزرا، چیئرمین سینٹ نے سینٹ کو مضبوط اور معتمد دارہ بنایا ہے، ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کی سفارشات پر اب حکومت کو جوابدہ ہونا پڑتا ہے، سینیٹر ظفر اللہ خان ڈھانڈلہ نے کہا کہ چیئرمین نے بہت سی نئی چیزیں متعارف کرائی ہیں جو ان کی یادگار رہیں گی۔ چیئرمین نے اس ایوان کو صحیح معنوں میں ایوان بالا بنایا اور غیر جانبدارانہ طریقے سے اس ایوان کو چلایا۔ سینیٹر عثمان سیف اللہ نے کہا کہ سیاست کے ذریعے عوام کی زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے، سیاسی جماعتوں کے اندر بھی مزید جمہوریت کی ضرورت ہے، ہمیں نوجوانوں کو سیاست کی طرف لانا چاہیے، امید ہے ہم قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ کو دوبارہ انتخاب پر مبارکباد دی۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے معزز ارکان کا انہیں خراج تحسین پیش کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس ایوان کے وقار کو معتبر بنانے میں آپ تمام سینیٹرز کا بھی کلیدی کردار رہا ہے۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والی ایم کیو ایم کی سینیٹر نسرین جلیل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی اور بالخصوص لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے آپ کی خدمات لائق تحسین ہیں۔چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکن کبھی ریٹائر نہیں ہوتا۔انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ظفر اللہ خان ڈھانڈلہ کی تقریر کے بعد کہا کہ آپ کا سیاست میں بڑا تجربہ ہے، قومی اسمبلی کے ممبر اور سیاسی کارکن رہے ہیں، سیاسی کارکن کبھی ریٹائر نہیں ہوتا۔ وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ آپ کے تجربے میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ ہمارے سیاسی ادارے آپ سب ارکان کی خدمات سے استفادہ کرتے رہیں گے۔ آپ سب لوگ اپنی اپنی سیاسی جماعتوں کا اثاثہ ہیں۔
چیئرمین سینیٹ