کراچی ایئر پو رٹ سے 2مسافر گرفتار‘ 10 کلو منشیات بر آمد
کراچی (خبر نگار) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات کسٹمز حکام نے پیر کی شب پرائیوٹ ایئرلائن سے براستہ دبئی مالدیپ جانے والے دو پاکستانی مسافروں کے سامان کی تلاشی کے دوران 10کلو گرام منشیات برآمد کرلی، منشیات دونوں مسافروں کے سوٹ کیس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔ کسٹم حکام نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو گرفتار کرلیا۔ دوران تفتیش انہوں نے انکشاف کیا کو منشیات سے بھرے مزید دو سوٹ کیس ان کی رہائش گاہ پر بھی موجود ہیں۔ جس کے بعد ڈپٹی کلکٹر ایئرپورٹ کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیم نے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر مزید 5کلو ہیروئن برآمد کرلی۔ کسٹمز ترجمان کے مطابق کل 20کلو گرام منشیات برآمد کی گئی جس کی مالیت عالمی مارکیٹ میں 20کروڑ روپے بنتی ہے، جو ایئرپورٹ پر تعینات کسٹم حکام کی جانب گزشتہ 10سالوں میں برآمد کی جانے والی سب سے بڑی مقدار ہے۔ حکام کی جانب سے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔