صدیق بلوچ نے صحافت میں بھی ہمیشہ متوسط طبقے کے مسائل کو اجاگر کیا ہے میر حاصل خان بزنجو
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی پریس کلب کے زیراہتمام معروف صحافی و دانش ور محمد صدیق بلوچ کی یاد میں منگل کے روز کراچی پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا.تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ معاشرے میں نظریاتی لوگوں کی کمی کی وجہ سے زندگی کے ہر شعبے میں ہارس ٹریڈنگ ہورہی ہے۔ نظریاتی لوگ معاشرے کے خیر خواہ ہوتے ہیں بڑے سے بڑے مسائل اپنے اوپر سہہ لیتے ہیں‘ قوم کا مستقبل نظریاتی لوگوں سے وابستہ ہے‘ صدیق بلوچ بھی نظریاتی انسان تھے۔ منگل کے روز کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام معروف صحافی و تجزیہ کا ر محمدصدیق بلوچ مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو‘ کراچی پریس کلب کے صدر احمد خان ملک‘ جنرل سیکریٹری مقصود احمد یوسفی‘ صدیق بلوچ کے صاحبزادے عارف بلوچ‘ سینئر صحافی ادریس بختیار‘ سابق سیکرٹری علاو¿ الدین خانزادہ‘ سابق صدور‘ امتیاز خان فاران‘ فاضل جمیلی‘ طاہر حسن خان‘پر وفیسرڈاکٹر توصیف احمد خان‘ سینئر صحافی سرفراز احمد‘ عابد علی سید‘ یوسف مستی خان‘سعید سر بازی ‘ماسٹر یار محمد اور رمضان بلوچ سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ وفاقی وزیر میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ صدیق بلوچ اور جام ساقی کی وفات پاکستان کے لیے ایک بہت بڑا المیہ ہے صدیق بلوچ کی سیاسی زندگی صحافتی زندگی سے زیادہ طویل تھی‘ صدیق بلوچ نے صحافت میں بھی ہمیشہ متوسط طبقے کے مسائل کو اجاگر کیا ہے۔