وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، ملکی سیاسی صورتحال پرغور،فوجداری قانون کے ترمیمی بل کی منظوری سمیت آئندہ بجٹ کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
وزیراعظم راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیرداخلہ رحمان ملک عباس ٹاوٴن دھماکے کی تحقیقات پر بریفنگ دیں گے۔وفاقی کابینہ مصر کے ساتھ سیاحتی معاہدے، فوجداری قانون کے ترمیمی بل دوہزار تیرہ، ایتھوپیا اورارجنٹائن کے ساتھ ویزوں کے معاہدوں کی منظوری دے گی۔ اجلاس میں پرائیویٹ کورئیر سروسز ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام، کویت سرمایہ کاری اتھارٹی اور پاکستانی سرمایہ بورڈ کے درمیان مفاہمت کی یاد داشت کی منظوری بھی دی جائے گی۔ اجلاس میں وزارت خزانہ آئندہ مالی سال کی بجٹ حکمت عملی پیش کرے گی جبکہ وفاقی کابینہ کو ملک میں خسرے کی وباء پھیلنے سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی جائے گی