صدر زرداری پارلیمنٹ کا حصہ ہیں، نواز شریف نے علم بغاوت بلند کرنا تھا تو ڈکٹیٹر کے خلاف کرتے: راجہ پرویز اشرف
لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ نواز شریف نے جمہوریت کے خلاف علم بغاوت بلند کیا ہے، جمہوریت کی حامی قوتوں نے شریف برادران کی گزشتہ روزکی تقاریر پر مایوسی کا اظہار کیا ہے، یہ پاکستان کے لئے بہتر نہیں کیونکہ تصادم کی سیاست کسی کے لئے فائدہ مند نہیں۔ ایسی تقاریر سے مفاہمت کا عمل متاثر ہوسکتا ہے۔ راجہ پرویزاشرف کا کہنا تھا کہ منتخب صدر پرکیچڑ اچھالنا کونسی جمہوریت ہے، نااہلی کا فیصلہ عدالت کا تھا، حکومت کا نہیں۔ جلاؤ، گھیراؤ اور توڑپھوڑ کی سیاست کی وجہ سے پنجاب میں گورنر راج نافذ کیا گیا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پنجاب میں جس کے پاس اکثریت ہوگی وہ حکومت بنائے گا، ہمیں حکومت بنانے کا کوئی شوق نہیں، اگر ہمارے نمبرز پورے نہیں تو اپوزیشن میں بیٹھیں گے۔ اس سے قبل واپڈا ہائوس میں واٹر کوسٹنگ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نےکہا کہ ملک بھر میں پانی کی سطح کم ہو رہی ہے لہذا ہمیں پانی کے حصول کے لیے مناسب اقدامات کرنا ہوں گے۔