پاک فوج کی جانب سے پاکستان رینجرز اور ریسکیو ٹیم 1122 کے ہمراہ ٹرین حادثے کی جگہ پر ریلیف و ریسکیو سرگرمیاں جاری ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی اور رینجرز کے جوان ریلیف اور ریکسیو آپریشن میں مصروف ہیں ۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ راولپنڈی سے پہنچنے والی آرمی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم خصوصی آلات کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں شامل ہے جبکہ رحیم یارخان سے آنے والی ریسکیو 1122 کی ٹیم بھی امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ٹرین حادثے میں زیادہ تر زخمیوں کو رحیم یارخان، گھوٹکی، میر پور ماتھیلو کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ بوگیوں کے نیچے پھنسے افراد کو نکالنے کے لئے ٹرین کے فریم کی کٹنگ کا عمل جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ شدید زخمی افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پنوں عاقل منتقل کیا جارہا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ فوج کی جانب سے ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیا گیا ہے جس میں ٹرین حادثے کے متاثرین کو تیار کھانا فراہم کی جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف جائے حادثہ پر ضروری فرسٹ ایڈ اور ایمرجنسی میڈیکل کیئر فراہم کر رہے ہیں۔