دھوپ اور تازہ ہوا سے کرونا وائرس پھیلنے کی رفتار کم ہوجاتی ہے: برطانوی ماہر
لندن (اے پی پی) برطانوی ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ دھوپ اور تازہ ہوا سے کرونا وائرس پھیلنے کی رفتار کم ہوجاتی ہے۔ برطانیہ میں سائنٹِفک ایڈوائزری گروپ برائے ایمرجنسی ( ایس اے جی ای) کے اہم ترین مشیر ڈاکٹر ایلن پین نے حکومتی اہلکاروں کو بتایا کہ باہر کی صاف اور تازہ ہوا اور دھوپ سے کرونا وائرس کا پھیلاؤ مؤثر انداز میں روکا جاسکتا ہے۔ اس طرح لوگوں کو باہر جانے کی اجازت دینے سے کوئی نقصان نہ ہوگا بلکہ دھوپ اور ہوا سے کرونا پھیلنے کی رفتار کو سست کیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر ایلن نے اس کے بعد بعض سائنسی ثبوت بھی پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس چھینکنے اور کھانسنے کے دوران خارج ہونے والے باریک قطروں سے پھیلتے ہیں جو دو میٹر تک کا سفر کرتے ہیں اور کسی سطح پر گرجاتے ہیں یا پھر کسی انسان پر جم جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ باہر کے ماحول میں اگر فاصلہ برقرار رکھا جائے تو بھیڑ جمع نہ کی جائے تو اس طرح وائرس کا پھیلاؤ بہت معمولی ہوتا ہے۔