کرونا: متاثرین 96ہزار سے زائد، مزید 75اموات: ہسپتال وسائل تقسیم نہیں کررہے : ظفر مرزا
لاہور‘ اسلام آباد‘ گوجرانوالہ‘ شیخوپورہ، ننکانہ صاحب‘ سانگلہ ہل (نامہ نگاران سے‘ خصوصی نمائندہ‘ نامہ نگار ) پاکستان میں کرونا کے مزید 5080 نئے کیسز اور 75 اموات کی تصدیق کے بعد اب تک ملک میں کرونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 96445 ہزار جبکہ اموات ایک ہزار 974 ہوگئیں۔ ایم کیو ایم رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری اور ان کا بیٹا کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔ صوبہ سندھ میں آج عالمی وبا کے مزید 1475کیسز سامنے آئے جبکہ 19 اموات کی تصدیق بھی ہوئی۔ ترجمان حکومت سندھ مرتضی وہاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے مزید 1475 کیسز کی تصدیق کی بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 36 ہزار 364 ہوگئی۔ صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے ریکارڈ 2164 کیسز اور 30 اموات کی تصدیق ہوئی۔ صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 33 ہزار 144 سے بڑھ کر 35 ہزار 308 ہوگئی۔ اموات کی مجموعی تعداد 659 تک جا پہنچی۔ محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 542 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 13001 ہوگئی۔صوبے میں مزید 20 وائرس کے باعث دم توڑ گئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 561 ہوگئی ہے۔جاں بحق ہونے والے نئے مریضوں میں سے 12 کی پشاور، بونیر، باجوڑ اور بٹگرام میں 2، 2 جبکہ نوشہرہ اور ہری پور میں ایک، ایک شخص کی موت واقع ہوئی۔محکمہ صحت بلوچستان نے وائرس کے مزید 445 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 6221 ہوگئی ہے۔بیان میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں کورونا کے 3992 فعال کیسز موجود ہیں جبکہ 2175 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔اسلام آباد میں آج عالمی وبا کے مزید 377 مریضوں اور 4 اموات کی تصدیق ہوئی۔ اسلام آباد میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 ہزار 946 سے بڑھ کر 4 ہزار 323 ہوگئی۔ اموات کی مجموعی تعداد 45 ہوگئی۔گلگت بلتستان میں آج ایک روز میں 45 نئے کیسز جبکہ کرونا وائرس سے مزید ایک موت کی تصدیق کی گئی۔ نئے کیسز کے اضافے کے بعد اب گلگت بلتستان میں عالمی وبا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 852 سے بڑھ کر 897 تک پہنچ گئی۔ علاوہ ازیں مزید ایک موت کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 13 تک جا پہنچی۔ ادھر آزاد کشمیر میں بھی کرونا وائرس کے مزید 32 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔ سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 299 سے بڑھ کر331 تک پہنچ گئے۔ اسی طرح مزید ایک موت کے بعد وہاں اموات کی مجموعی تعداد 7 سے بڑھ کر 8 ہوگئی۔لاہور میں چوکی انچارج گلدشت ٹائون کے سب انسپکٹر عابد مختار کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے، ایس ایچ او یکی گیٹ اور نواب ٹائون مین تعینات رہے۔ عابد مختار کے بڑے بھائی ڈی ایس پی زاہد مختار سیکیورٹی برانچ میں تعینات رہے۔ شیخوپورہ میں کرونا وائرس کی وبائ6 افراد کی جان لے گئی۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال کی آئیسولیشن وارڈ میں زیر علاج کروناکے 6مریض ایک ہی رات میں جان کی بازی ہار گئے ان میں 35سالہ زرقا بی بی، 50سالہ زبیر، 70سالہ صفیہ اشرف،48سالہ خرم، 40سالہ سبطین اور 60سالہ محمد حسین شامل ہیں۔شاہ کوٹ اسسٹنٹ کمشنر شاہ کوٹ میڈم صباء سحر کی کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالے دکان مالکان کے خلاف بیس دکانوں کو سیل کر دیا۔ بائیس ہزار جرمانہ بھی عائد کیا وزٹ کے دوران انتظامیہ کی جانب سے شہریوں میں مفت ماسک تقسیم کئے گئے۔ ساہیوال کرونا کے وار جاری،قیوم۔ہسپتال میں 70سالہ فاروق چل بسا۔ فیصل آباد شہر اور گردونواح میں کرونا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈاکٹر اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سابق میڈیسن سٹور انچارج سمیت پانچ افراد زندگی کی بازی ہار گئے فیصل آباد ریجن پولیس کے 32 پولیس اہلکار بھی کرونا سے متاثر ہو گئے۔ ننکانہ صاحب میں کورونا وائرس کے وار جاری ، ایک شخص جاں بحق، ایک ڈاکٹر اور ایک ڈاکٹر کی بیوی سمیت مزیددس افرادمیں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد مریضوں کی تعداد 200سے بڑھ گئی، وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ کے بھائی پیر حسن احمد شاہ المعروف پیر پپو شاہ تشویشناک حالت کے پیش نظر سروسز ہسپتال لاہور منتقل کردیا گیا۔ صفدر آباد: ماسک اور دستانے نہ پہننے والے دکانداروں کے خلاف کریک ڈائون۔ گذشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر قراۃ العین ظفر اور چیف آفیسر رانا محمد اسلم و دیگر ماتحت عملہ کے ہمراہ بازاروں کا دورہ کیا۔ ماسک اور دستانے نہ پہننے والوںکے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے درجنوں دکانیں سیل کردیں۔ سانگلہ ہل ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد نے مارکیٹوں‘ بازاروں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں حکومتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کیخلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 21 دکانوں کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ 9 دکانوں کے مالکان کو سخت وارننگ نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 7 گاڑیوں کے چالان کر کے مجموعی طور پر 12 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مقامی پولیس و اسسٹنٹ کمشنر متحرک متعدد دکانیں سیل۔ بعض دکانداروں کے خلاف مقدمات کا اندراج۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سفیان دلاور نے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دکانیں کھولنے پر شہر کے مختلف بازاروں میں 9 دوکانیں سیل کر دی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ کا اچانک واربرٹن کا دورہ‘ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دکانیں اور ہوٹل سیل‘ متعدد کو سخت وارننگ‘ انتظامیہ اور پولیس کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایات۔ سمبڑیال کرونا وائرس کے پیش نظر حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے اور ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر 16 دکانیں سیل‘ متعدد کو 40 ہزار روپے جرمانہ اور درجنوں دکانوں کو وارننگ جاری۔ لالہ موسیٰ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی لالہ موسیٰ ندیم مسعود بھرتھ کا لالہ موسیٰ کے بازاروں کا دورہ‘ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دکانیں سیل‘ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر قیصر اسٹیشنرز‘ نور سویٹس‘ احسان سویٹس ڈاکخانہ بازار کو سیل کر دیا گیا۔گوجرانوالہ ڈویژن میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا سے متاثر سات افراد جاں بحق جبکہ مجموعی طور پر 144 افراد میں کرونا کی تشخیص گوجرانوالہ میں 58 گجرات 28 منڈی بہاؤالدین ایک اور سیالکوٹ میں 49 افراد کرونا کی تشخیص۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی طرف سے صوبوں، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو مجموعی طور پر مختلف اقسام کے 286 وینٹی لیٹرز فراہم کئے گئے ہیں۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق صوبہ پنجاب کو 72 وینٹی لیٹرز دیئے گئے ہیں۔ پنجاب کے وینٹی لیٹرز میں 36 آئی سی یو اور 36 بائی پیپ شامل ہیں۔ سندھ کو 74 وینٹی لیٹرز دیئے گئے، سندھ کے وینٹی لیٹرز میں 26 آئی سی یو اور 48 بائی پیپ شامل ہیں۔ خیبر پختونخوا کے 52 وینٹی لیٹرز میں 26 آئی سی یو اور 26 بائی پیپ شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق بلوچستان کو دیئے گئے 25 وینٹی لیٹرز میں 10آئی سی یو اور 15بائی پیپ ہیں۔ آزاد کشمیر کو 10بائی پیپ وینٹی لیٹرز مہیا کئے گئے۔ گلگت بلتستان کے 17 وینٹی لیٹرز میں 10بائی پیپ اور 7پورٹ ایبل وینٹی لیٹرز شامل ہیں۔ اسلام آباد میں 36 وینٹی لیٹرز دیئے گئے، اسلام آباد کے وینٹی لیٹرز میں 17 ائی سی یو، 17 بائی پیپ اور 2 پورٹ ایبل وینٹی لیٹرز شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے اہلخانہ اور دفتر کے سٹاف کا کرونا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے چیئرمین این ڈی ایم اے کے رشتہ دار کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد وہ دفتر نہیں آ رہے تھے اب وہ پیر سے دفتر جوائن کریں گے۔