امریکی خاتون کا الزام من گھڑت ہے‘ رحمن ملک‘ ہتک عزت کا دعویٰ کرونگا: گیلانی
اسلام آباد‘ ملتان‘ رحیم یار خان (سپیشل رپورٹ + نمائندہ نوائے وقت‘ نمائندہ خصوصی‘ نیوز رپورٹر + احسان الحق) سابق وزیرِ داخلہ، پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر رحمنٰ ملک کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی خاتون سنتھیا رچی کے الزامات من گھڑت، بے ہودہ اور نازیبا ہیں، مقصد رحمن ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ رحمن ملک نے ہمیشہ بھارت کے کشمیریوں و بھارتی مسلمانوں پر مظالم کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ روزانہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کی طرف سے رحمن ملک کو براہِ راست دھمکی آمیز ٹویٹس و پیغامات ملتے ہیں۔ سابق وزیرِ داخلہ رحمن ملک نے ہمیشہ خواتین کے حقوق اور وقار کے لیے آواز بلند کی ہے اور لڑتے رہے ہیں۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے امریکی نژاد پاکستان بلاکر سنتھیا رچی کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس حوالے سے اعلان کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سنتھیا رچی نے بے بنیاد الزامات لگا کر میری ساکھ مجروح کی۔ انہوں نے کہا کہ سنتھیا رچی کے خلاف پاکستان اور امریکا میں ہتک عزت کا دعوی دائر کیا جائے گا۔ سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین نے بھی سنتھیا رچی کے الزامات کو سراسر غلط اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی خاتون سستی شہرت کے لیے اس طرح کے بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکی خاتون نے مجھ پر مارنے پیٹنے کا الزام لگایا جو سراسر غلط ہے۔ این جی اوز کی نمائندہ بن کر 2 بار سنتھیا ملی‘ آفر نہ ماننے پر ناراض ہو گئی۔ وزیراعظم کو الزامات کا نوٹس لینا چاہئے۔ یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی نے مطالبہ کیا امریکی خاتون سنتھیارچی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سنتھیارچی کا مقصد سیاسی ساکھ متاثر کرنا ہے۔ سنتھیارچی نے ہراسانی کے سنگین ترین الزامات لگائے۔