وزیراعظم کا کرونا وائرس بڑھنے کا خدشہ اور لاک ڈائون نہ کرنے کا اعلان
ٹائٹگر فورس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمرا ن خان نے کہا ہے کہ ملک مزید لاک ڈائون برداشت نہیں کر سکتا‘ ہم کرونا کو پھیلنے سے نہیں روک سکتے‘ ایس او پیز پر عمل کرکے ہی اس سے بچا جا سکتا ہے۔
کرونا وائرس کی صورتحال پاکستان سمیت دنیا بھر میں روزبروز تشویشناک ہوتی جا رہی ہے ۔ اسکے تدارک کیلئے حکومتی سطح پر جو کچھ ممکن ہو سکتا ہے‘ وہ کیا جارہا ہے ۔ایسے حالات میں جب معیشت پہلے ہی زبوں حالی کا شکار ہے‘ ملک طویل لاک ڈائون کا ہرگز متحمل نہیں ہو سکتا۔ پچھلے 48 دن کے جزوی لاک ڈائون میں جس طرح بے روزگاری کا عفریت اور بھوک و افلاس نے عوام الناس کو بے حال کیا‘ کاروبار تباہ ہوگئے‘ غریب بالخصوص مزدور طبقہ اس لاک ڈائون سے زیادہ متاثر ہوا۔ اسی تناظر میں وزیراعظم عمران خان باور کرا رہے ہیں کہ اب ملک لاک ڈائون کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔اگر لاک ڈائون کیا تو سب کچھ ختم ہو جائیگا۔ اس حوالے سے حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی بھرپور تعاون کرنا چاہیے۔ الیکٹرانک‘ پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا اس حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں تاہم کچھ حلقے اس وائرس کو سنجیدہ لینے کے بجائے اسے بین الاقوامی سازش قرار دیکر خود کو مطمئن کررہے ہیں حالانکہ کرونا وائرس ایک حقیقت ہے جو اپنی پوری شدت کے ساتھ دنیا کو اپنی لپیٹ میں لئے ہوئے ہے۔ عوام الناس تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اس موذی وائرس کے خاتمہ میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔