وزیراعظم کی عدم موجودگی‘ مریم نواز نے سیاسی امور پر گرفت مضبوط کرلی
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم محمد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے وزیراعظم کی عدم موجودگی میں سیاسی امور پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ انہوں نے ’’غیر محسوس‘‘ انداز میں ’’سیاسی مورچہ‘‘ سنبھالے رکھا اور منظر عام پر نہیں آئیں تاہم طویل عرصہ کے بعد انہوں نے اپنے والد میاں نوازشریف کی علالت کے حوالے سے الیکٹرانک میڈیا پر انٹرویوز دئیے‘ تاہم انہوں نے ٹویٹر پر پوری قوم کو وزیراعظم کی صحت یابی کے بارے میں لمحہ بہ لمحہ کی صورت حال سے آگاہ کیا۔وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھ کر مریم نواز نے سیاسی امور پر دسترس مضبوط کی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف‘ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور وفاقی وزیر خزانہ و اقتصادی امور محمد اسحق ڈار حکومتی امور نمٹاتے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق مریم نواز آپریشن کے موقع پر لندن میں موجود رہنا چاہتی تھیں لیکن وزیراعظم نے انہیں اسلام آباد میں ہی رہنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کے گھر منتقل ہونے کے بعد مریم نواز دو روز کیلئے لندن جائیں گی اور واپس اسلام آباد آکر دوبارہ ’’سیاسی مورچہ‘‘ سنبھالیں گی۔مریم نواز نے وزیراعظم کی علالت کے بعد سیاست میں عملاً حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ مسلم لیگی ذرائع کے مطابق وہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی معاونت کریں گی۔ مریم نواز نے 2018ء کے عام انتخابات میں حصہ لینے کا عندیہ بھی دیدیا ہے۔ وہ براہ راست انتخابات میں حصہ لیں گی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی میڈیا ٹیم نے سوشل میڈیا پر نوازشریف کی علالت کے حوالے سے چلائی جانے والی مخالفانہ مہم کا جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔