کوئٹہ کے میزان چوک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق

07 جون 2015 (20:44)

دہشت گردوں نے کوئٹہ کو ایک بار پھر سفاکیت کا نشانہ بنا ڈالا ، میزان چوک پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دکانوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی ، جس کی زد میں آ کر تین افراد موقع پرجاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کیا گیا ،جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے -
دہشتگردی کے واقعہ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور اہم تجارتی مراکز کو بند کر دیا گیا۔ سرکلرروڈ،مشن روڈ، سورج گنج بازاراورملحقہ علاقوں میں دکانیں بند کر دی گئیں ،مشتعل افراد نے ملزمان اور صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی، ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ہزارہ قبیلے سے ہے، دوسری جانب ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء علامہ راجہ ناصر عباس نے کوئٹہ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے بلوچستان میں بھی ضرب عضب کی طرز پر آپریشن کا مطالبہ کیا ہے، ادھر ترجمان بلوچستان حکومت جان بلیدی کا کہنا ہے کہ شہر میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ صوبے میں امن وامان خراب کرنے کی سازش ہے، دہشتگردی کی روک تھام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے، جن علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات رونما ہونگے اس کی ذمہ داری وہاں کی انتطامیہ پر عائد ہوگی۔ امن وامان کے مسئلے پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کوئٹہ میں دکانوں پر فائرنگ کا یہ پہلا واقعہ نہیں ، اس سے پہلے بھی دکانوں پر فائرنگ کے واقعات پیش آ چکے ہیں-