شفقت حسین کی پھانسی فوری روک کر شفاف تحقیقات کرائی جائیں: اقوام متحدہ ماہرین

07 جون 2015

اقوام متحدہ (نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ کے ماہرین نے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شفقت حسین کی پھانسی پر عملدرآمد کو فوری طور پر روکے اور پھانسیوں پر پابندی کو دوبارہ بحال کرے۔ جنیوا سے جاری بیان میں اقوام متحدہ کے ماورائے عدالت سزائے موت کے خصوصی نمائندے کرسٹوف ہینز، بچوں کے حقوق کی یو این کمیٹی کی چیئرپرسن بینیام منہمر اور ظلم و تشدد کے حوالے سے خصوصی نمائندے جان مینڈیز نے 9 جون کو شفقت حسین کی پھانسی روکنے کا مطالبہ کیا۔ یو این ماہرین نے خبردار کیا شفقت کے کیس میں مناسب تحقیقات نہیں کی گئیں، اس سے دباؤ میں اعتراف کرایا گیا۔ کم عمری میں جرم کرنے کے ثبوت ہونے اور اسکے بے گناہ ہونے کے امکان کے باوجود اسکو سزا ناقابل قبول ہے۔