حیدر آباد: کار اور وین تصادم، پنجاب کے 2 بھائیوں سمیت 6 افراد جاں بحق، 7 زخمی
حیدرآباد(نمائندہ نوائے وقت) خانوٹ کے قریب قومی شاہراہ پر کار اور وین کے درمیان ہولناک تصادم کے نتیجے میں پنجاب کے 2 بھائیوں سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہو گئے، زخمیوں میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ جمعہ کو رات گئے خانوٹ تھانہ کی حدود انڈس ہائی وے پر خاصائی اسٹاپ کے قریب حیدرآباد سے سہیون لعل شہباز قلندر کے مزار پر جانے والی کار اور مخالف سمت سے آنے والی مسافر وین میں آمنے سامنے سے ٹکر ہو گئی جس کے نتیجے میں کار میں سوار پنجاب کے شہر میانوالی کے دو سگے بھائیوں نور احمد اور محمد رمضان ولد شفیع محمد سمیت محمد ایوب، خان محمد اور کراچی کے رہائشی شاہ اویس سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔