افغان طالبان نے بدخشاں کے ضلع پر قبضہ کر لیا‘ لڑائی میں 24 افراد ہلاک

07 جون 2015

کابل (آن لائن+ آئی این پی) شمال مشرقی افغانستان میں سینکڑوں طالبان عسکریت پسندوں نے صوبے بدخشاں میں سرکاری دستوں کی کئی چوکیوں پر حملہ کرنے کے بعد ایک پورے ضلع پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ اس قبضے کی ہفتے کے روز افغان حکام نے تصدیق کر دی۔ لڑائی میں 6 طالبان اور 18 سکیورٹی اہلکار مارے گئے۔ادھر افغانستان میں مختلف بم دھماکوں میں خواتین اور بچوںسمیت15 شہری جاں بحق اور 6زخمی ہوگئے جبکہ نیشنل سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 95 طالبان عسکریت پسند ہلاک اور 61 زخمی ہوگئے، لڑائی کے دوران 11 افغان فوجی بھی مارے گئے۔ ہفتہ کو افغان میڈیا کے مطابق دارالحکومت کابل میں بم دھماکے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کاکہنا ہے کہ دھماکہ 12 ویں پولیس ڈسٹرکٹ کی حدود میںہوا۔ افغان نیشنل آرمی کی ایک گاڑی کے ساتھ مقناطیسی بم نصب کیا گیاتھا جسکے پھٹنے سے ایک بچہ اور خاتون شدید زخمی ہوگئے جنھیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئے۔ ادھر صوبہ قندھار میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ شہریوں کی ایک گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں 4 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔ دریں اثناء غزنی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 7 افراد ہلاک ہوگے۔ ادھر وزارت دفاع کے ترجمان جنرل ظاہر عظیمی نے ایک بیان میں بتایاہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ملک میں عسکریت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران 11 افغان فوجی مارے گئے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہاگیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں نیشنل سکیورٹی فورسز نے 11 مختلف صوبوں میں آپریشن کیے جس میں 96 طالبان جنگجو ہلاک اور 61 زخمی ہوگئے جبکہ 4 کو گرفتارکرلیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن بدخشان، جائوزجان، ارزگان، غزنی، پکتیا، پکتیکا، ہلمند ، قندھار، خوست، تخار اور قندوز میں کیے گئے۔ شمال مشرقی صوبہ بدخشاں میں سینکڑوں طالبان نے حملہ کرکے ضلع یمگان پر قبضہ کرلیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ طالبان کے ساتھ غیر ملکی جنگجو بھی شامل ہیں جنہوں نے ضلع کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔