بجٹ عوامی مسائل حل کرنیکی ناکام کوشش، حکومت سرمایہ کاروں کو مراعات دے رہی ہے: خورشید احمد

07 جون 2015

لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) وفاقی بجٹ کے حوالے سے آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن نے ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا ہے۔اجلاس میں وفاقی بجٹ کو محنت کشوں اور غریب عوام کے مسائل حل کرنے کی ناکام کوشش قرار دیا۔ ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں صرف ساڑھے سات فیصد اضافہ جوکہ اْونٹ کے منہ میں زیرہ ہے۔حکومت صرف سرمایہ کاروں کو مراعات دے رہی ہے۔ اسی طرح صنعتی کارکنوں کی اس کمر توڑ مہنگائی میں مبلغ ایک ہزار روپے کا قلیل اضافہ کیاگیا ہے۔ حکومت جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور اسمبلیوں کے ارب پتی ارکان سے ٹیکس لینے کی بجائے انہیں مراعات دے رہی ہے اور بجلی و پانی کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے معمولی رقم مختص کی گئی ہے۔ وزیراعظم سے مطالبہ کیاگیا وہ کارکنوں کی اْجرتوں، پنشن میں مہنگائی کے پیش نظر پچاس فیصد اضافہ کریں۔ اجلاس سے خورشید احمد جنرل سیکرٹری کنفیڈریشن، روبینہ جمیل صدر، چوہدری انور، یوسف بلوچ، اکبرعلی خان، نیاز خان اور اْسامہ طارق نمائندگان کنفیڈریشن نے خطاب کیا۔