تمام متعلقہ محکمے رمضان پیکج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے محنت سے کام کریں: چیف سیکرٹری
لاہور (سپیشل رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کے معیار ، رسد اور قیمتوں کی نگرانی کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ سول سیکرٹریٹ میں رمضان پیکج کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ماہ مقدس کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے رمضان پیکج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیاءکی رسد کو یقینی بنایا جائے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔