پاکستان سری لنکا کا فوجی تعلقات بڑھانے پر اتفاق

07 جون 2015

کولمبو (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ اے پی پی) آرمی چیف راحیل شریف نے سری لنکا کے آرمی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی سری لنکن فوج کے ہیڈکوارٹر آمد پر گارڈ آف آنر دیا گیا۔ آرمی چیف نے سری لنکا کے ہم منصب اے ڈبلیو جے ڈی سلوا سے ملاقات کی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو سری لنکن فوج کے آپریشنل اور تربیتی پروگرام پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف اور سری لنکن ہم منصب کے درمیان پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دوطرفہ فوجی تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ سری لنکن آرمی چیف کی جانب سے خطے میں امن اور استحکام کیلئے آپریشن ضرب عضب میں پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور کامیابیوں کی تعریف کی۔ جنرل راحیل شریف اور سری لنکن آرمی چیف کے درمیان پیشہ ورانہ ‘باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ سری لنکن فوج کے سربراہ نے بدھالہ میں میں بوقت ضرورت سری لنکا کی مدد کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں وائس ایڈمرل کمانڈر سری لنکا کی بحریہ ایس اے ایم جی پریراسے بھی ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں مسلح افواج کے سربراہان کے درمیان علامتی نشانوں کا تبادلہ کیا گیا۔ بعدازاں پاکستان آرمی چیف نے سری لنکن ملٹری اکیڈمی دیا تلاوا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سری لنکن آرمی کو 8گھوڑے پیش کئے۔