سعودی عرب پر حوثی باغیوں کا سکڈ میزائل حملہ ناکام‘ فضا میں تباہ کر دیا گیا

07 جون 2015

ریاض (ایجنسیاں+ بی بی سی) سعودی ایئر ڈیفنس نے جنوبی علاقے خمیس مشیط پر حوثی باغیوں اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کی حامی فوج کی جانب سے داغا جانیوالے سکڈ میزائل حملہ ناکام بنا دیا۔ عرب میڈیا کے مطابق اتحادی فوج کی جانب سے جاریکردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کو علی الصباح حوثی اور علی عبداللہ صالح کی حامی ملیشیا نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے خمیس مشیط پر سکڈ میزائل سے حملہ کیا جسے سعودی ایئر ڈیفنس نے میزائل شکن پیڑیاٹ کے ذریعے فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا۔حملے کے فوری بعد اتحادی فوج نے سکڈ میزائل فائر کرنیوالے لانچنگ پیڈ کا یمن کے جنوبی علاقے صعدہ میں سراغ لگا کراسے تباہ کردیا۔ یمن کے سابق صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار فورسز نے سعودی سرحدی قصبوں پر حملے کئے جو پسپا کردئیے گئے۔ جھڑپوں میں 4 سعودی اور بیسیوں یمنی حملہ آور مارے گئے۔ سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے ایک بیان میں کہاکہ معزول یمنی صدرعلی عبداللہ صالح کیری پبلکن گارڈز کی ایک فارمیشن نے سعودی سرحدی قصبوں جازان اور نجران میںمختلف مقامات پر منظم حملے کیے۔ انہیں حوثی باغیوں کی مدد بھی حاصل تھی۔ سعودی سکیورٹی فورسز نے بھرپور جواب دیتے ہوئے حملے پسپا کیے جن میں گن شپ ہیلی کاپٹر، میزائل اور دیگر اسلحہ استعمال کیا گیا۔